خیبر پختونخوا 30 ہزار میٹرک ٹن سے زائد معیاری شہد کی پیداوار کی استعداد رکھتا ہے۔ گورنر شاہ فرمان

52

پشاور،13 دسمبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان آج ایک روزہ دورہ پر کرک گئے اور وہاں چوکارہ میں بیری کا پودا لگا کر بیری شہد پیداوار منصوبہ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ بیری شہد کی پیداوار کیلئے کرک، کوہاٹ، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان انتہائی استعداد کے حامل ہیں، جبکہ صرف کرک میں 3 ہزار میٹرک ٹن بیری شہد کی پیداواری استعداد موجود ہے۔

 گورنر نے کہا کہ صوبہ میں بیری شہد کی پیداوار بڑھانے کیلئے 200 ملین روپے کی لاگت سے منصوبہ شروع کیا گیا ہے جسکی تکمیل سے 10 ہزار میٹرک ٹن شہد برآمد کی جا سکے گی جس سے صوبہ کو 10 ارب روپے ریونیو حاصل ہو گا۔

گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ جنوبی اضلاع میں بنجر اراضی کو بیری کی کاشت کیلئے استعمال میں لا رہے ہیں جسکے لئے مقامی زمینداروں کو بیری شہد کی پیداوار کیلئے تمام وسائل فراہم کریں گے۔

گورنر شاہ فرمان نے مزید کہا کہ بیری شہد کی بہترین ذائقہ اور صفر ٹمپریچر پر منجمد نہ ہونیکی وجہ سے دنیا بھر میں ڈیمانڈ ہے، اور سعودیہ، چین سمیت باقی ممالک کے سفرا نے بیری شہد میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔