اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہرواں مالی سال میں 12.27 بلین ڈالر قرض واپس کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ صرف اس سال ہمیں 12.27 بلین ڈالر قرضے واپس کرنے ہیں، 2023ءمیں بھی 12.5 ارب ڈالر قرضہ واپس کرنا ہوگا۔ یہ قرضہ نواز شریف اور زرداری کا لیا ہوا ہے، ہمیں مجموعی طور پر 55 ارب ڈالر قرضہ واپس کرنا ہے۔ آج جو لوگ ہمیں بھاشن دے رہے ہیں انہوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں معاشی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر میں 30 فیصد گروتھ ہوئی، پچھلے سال آئی ٹی ایکسپورٹس 47 فیصد تھیں، اس سال 38 فیصد تک پہنچ گئی ہیں، امید ہے کہ سال ختم ہونے تک یہ دوگنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس میں31 فیصد اضافہ ہوا۔