ریسکیو 1122 ہمارا قابل فخر ادارہ ہے؛ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

133

لاہور، 4 دسمبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں انٹرنیشنل والنٹئیر ڈے کے موقع پر ایوارڈز کی تقسیم کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ریسکیو 1122 ہمارا قابل فخر ادارہ ہے پنجاب حکومت اس کے دائرہ کار کوبڑھا رہی ہے جو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے دوران خطاب ریسکیو 1122 کے رضاکاروں کے جذبے کو بھی سراہا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے   کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعہ کے ذمہ داروں کو عبرت ناک سزا دی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔انہوں  نے کہا کہ پولیس نے واقعے کے دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کرنے کے علاوہ اس سلسلے میں 110 افراد کو گرفتار کیا ہےایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ناموس رسالتﷺ کا مقدمہ لڑ رہا ہے،عوام قانون کو ہاتھ میں نہ لیں اور ریاست کی رٹ کو تسلیم کریں۔

   فرخ حبیب نے لوگوں کی ذہنیت کو بدلنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ اس سلسلے میں اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ واقعہ کے حوالے سے جامع انکوائری کی جا رہی ہے۔

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جہاں تک اس کا تعلق ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کے وسیع تر مفاد میں بات چیت کا آپشن منتخب کیا۔