زندہ قومیں اپنے محسنین کے دن مناتے ہیں، ان ایام  کا مقصد تجدید عہد ہے؛صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق

42

سیالکوٹ،25 دسمبر(  اے پی پی ): صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب چودھری محمد اخلاق نے کہا کہ 25 دسمبر کی تاریخ پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہے، اس روز بانی پاکستان اور حضرت عیسی علیہ اسلام کی یوم پیدائش کے طور پر ہر سال منایا جاتا ہے۔ زندہ قومیں اپنے محسنین کے دن مناتے ہیں، ان ایام  کا مقصد تجدید عہد ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح  کی 145 واں یوم پیدائش  پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کی  زیرصدارت انوار کلب آڈیٹوریم سیالکوٹ میں ایک پُروقار تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں ان کا قوم کی تشکیل اور تربیت میں بنیادی کردار ہے۔ آج کے روز ہمیں دو باتوں پر توجہ دینی ہے، ہمیں ملک کوکرپشن سے پاک کرنا ہے۔ ہمیں خود احتسابی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔

چودھری محمد اخلاق نے بتایا کہ بدقسمتی سے قوم میں برداشت کا عنصر ختم ہوچکا ہے۔ 80 فیصد مسائل کی وجہ سے عدم برداشت ہے جبکہ  قائد اعظم کی تحریک آزادی پاکستان پر نظر دوڑائے تو ان کی ذات میں تحمل، صبر اور برداشت دیکھنے کو ملے گی۔

 اس موقع پر اسپیشل اسسٹنٹ وزیر اعلی پنجاب برائے سرمایہ کاری چودھری احسن سلیم بریار نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح قوم کے محسن ہیں، قائد اعظم کی محنت اور جدوجہد سے پاکستان معرض وجود میں آیا۔ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے آزادی کے خواب کو قائد اعظم محمد علی جناح نے  حقیقت کا روپ دیا، قیامت تک ان کا نام روشن اور تابندہ رہے گا۔

 چودھری احسن سلیم بریار نے کہا کہ یوم قائد پر ہمیں عہد کرنا ہے کہ ایمان، اتحاد ، تنظیم اور یقین محکم  کے اصولوں کو اپنا کر ملک کی نطریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو ناقابل تسخیر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے حکومت نظام تعلیم میں جامع اصلاحات لارہی ہے جبکہ  طبقاتی نظام تعلیم کی بجائے ایک نصاب کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔

 ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے کہا کہ  ملک کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر عمل کرنا ہوگا،ہر ذمہ دار شہری کی بنیادی اور اولین ذمہ داری ہے کہ ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری اور جانفشانی سے انجام دیئے، ہم آج جو کچھ ہیں پاکستان کی وجہ سے ہیں اس کی سربلندی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کی جائے گی۔

 انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو قائد اور اقبال جیسی محسنین سے روشناس کروانے کیلئے اس طرح کی تقریبات اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

قبل ازیں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کینٹ کی طالبات   نے “یوں دی ہمیں آزادی کہ دنیا ہوئی حیران” اورگورنمنٹ جامع ہائی سکول فائق علی شیرازی نے “ملت کا پاسبان ہے محمد علی جناح” ملی نغمیں پیش کئے جبکہ گورنمنٹ ماڈل ٹاؤن گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سیالکوٹ کی طالبات نے وطن عزیز سے لازوال محبت کا اظہار کیلئے ٹیبلو  شو پیش کیا۔

تقریب کے اختتام پر  قائد اعظم کی 145ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔

سورس : وی این ایس ، سیالکوٹ