لاہور،10دسمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سماجی و معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے انسانی حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے،پاکستان کے آئین میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق دیئے گئے ہیں۔
جمعہ کو یہاں گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین سبزہ زار میں انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ کو نصب العین بنایا ہے،انسانی حقوق آزادی کی بنیادی ضرورت اور شرط ہےحکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ دین اسلام نے انسانی حقوق کی پاسداری پر زور دیا ہے انسانی عظمت کی بالادستی، انسانی حقوق کا تحفظ اور انسانی آزادی ہمارے مذہب کے بنیادی اصول ہیں اور قرآن مجید مکمل ضابطہ حیات ہےقرآن مجید نے ہر ایک کے حقوق واضح کر دئیے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہ اکہ انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہی اصل تبدیلی ہےملک کو بانیان پاکستان کے تصورات کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لئے ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا ہے،ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے سب کو ملکر کام کر نا ہوگا ۔انھوں نے کالج انتظامیہ کوانسانی حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر شاندار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔