پشاور،30دسمبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبہ میں ہیلتھ سروس ڈیلیوری میں تیزی سے بہتری لارہی ہے، موجودہ حالات میں شعبہ صحت سے منسلک اداروں، ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں پر بہت بھاری ذمہ داریاں ہیں اور شعبہ صحت سے منسلک تمام اداروں کو جدید چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہناچاہیے۔
یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے زیراہتمام گورنرہاؤس پشاور میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر گورنر شاہ فرمان نے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے صوبہ کے 7 اضلاع اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الائیڈہیلتھ سائنسز انسٹیٹیوٹس کے آغاز کا افتتاح بھی کیا۔ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے الائیڈہیلتھ سائنسز انسٹیٹیوٹس کاڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، کوہاٹ، کرم، مردان، صوابی، دیرلوئراور سوات میں آغاز ہوگیاہے جہاں مذکورہ اضلاع کے نوجوان نرسنگ، فریوتھراپی اورمیڈیکل سائنسز کے کورسز میں داخلہ حاصل کرسکیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر شاہ فرمان نے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کی طرف سے صوبہ کے دوردراز اضلاع میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز انسٹیٹیوٹ کے قیام کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہاکہ شعبہ صحت میں خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کی خدمات وکردار کسی تعریف کا محتاج نہیں، یہ ادارہ ایک خاص مقصد اور وژن کے تحت خدمات سرانجام دے رہاہے، ہم نے خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کو مزید مستحکم اور مضبوط بناناہے۔
انہوں نے کہاکہ کے ایم یو کے زیراہتمام صوبہ کے دوردراز کے علاقوں میں شعبہ صحت کی سہولیات پہنچانا نہ صرف وہاں کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرناہے بلکہ وہاں کے لوگوں کے ساتھ انصاف پربھی مبنی ہے۔
تقریب سے صوبائی وزیرصحت وخزانہ تیمورسلیم جھگڑااورصوبائی وزیربرائے اعلی تعلیم کامران بنگش نے اپنے خطاب میں ہیلتھ سروسز کی تعلیم میں کے ایم یو کے کردارکی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ بلاشبہ کے ایم یو کی شعبہ طب میں خدمات لائق تحسین ہیں اور صوبہ کے دوردراز کے اضلاع میں الائیڈہیلتھ سائنسز انسٹیٹیوٹس کا آغاز انتہائی بہترین اقدام ہے۔
تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی سمیراشمس، سیکرٹری محکمہ اعلی تعلیم داودخان، وائس چانسلر کے ایم ڈاکٹرضیاء الحق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاور پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر جہان بخت کے علاوہ دیگر شریک تھے۔











