کوہلو ،1دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں، معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں، تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ کے لئے بہتر مکینزم تیار کررہے ہیں جس سے صوبے کی تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور اسٹاف کی حاضری یقینی بنایا جاسکے ،حلقے کے عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لئے انتظامی محکموں کے افسران ہنگامی اقدامات اٹھائیں سائلین کے مسائل کو خندہ پیشانی سے سن کر فوری حل کو یقینی بنائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ تمام محکموں کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر تمام محکموں کے سربراہان نے صوبائی وزیر کو اپنے محکموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔
صوبائی وزیر تعلیم کا افسران سے خطاب میں کہنا تھا کہ دوردراز علاقوں کے سائلین کے مسائل کو سن کر احسن انداز میں حل کو یقینی بنائے تاکہ حلقے کے عوام کو حکومتی اعلانات کے ثمرات بروقت ان کے دہلیز پر میسر آسکیں ۔تعلیم ،صحت ،پینے کے صاف پانی،بجلی اور سڑکوں کی تعمیر کے درجنوں منصوبوں پر کام جاری ہے افسران اپنے فرائض کو عبادت سمجھ کر ادا کریں اور حکومتی اعلانات اوراٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات کو عام آدمی تک بطور امانت سمجھ کر ان کے دہلیز پر پہنچائیں ۔
انہوں نے کہا کہ ضلع میں ریزیڈینشل ماڈل سکول کی تعمیر اورگرلز کالج میں جلد از جلد تعلیمی سرگرمیوں کا آغازجیسے عوام کے دیرینہ مطالبہ پر فوری عملدرآمد کیا جارہا ہے تاکہ حلقہ کے عوام کو جدید تعلیم اپنے دہلیز پر میسر آسکے ضلع کے مختلف علاقوں میں واقع مڈل سکولز کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ طلباء کو وسیع تعداد میں وظائف دیئے جائیں گے جس سے انہیں تعلیمی اخراجات پورا کرنے میں آسانی رہے گی۔