عوام کے مفادات اور روزگار کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے؛ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

105

کوئٹہ، 28دسمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے لوگ انہیں بے حد عزیز ہیں، عوام کے مفادات اور روزگار کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبے کے 80 فیصد لوگوں کا زریعہ معاش زراعت سے وابستہ ہے، شعبہ زراعت کی ترقی اور اس سے وابستہ لوگوں کو ہر قسم کی مراعات کی فراہمی اور بجلی پانی اور کھاد کی دستیابی کو یقینی بنا کر زمینداروں کو انکے پیروں پر کھڑا جاۓ گا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، جنہوں  نے  رکن صوبائی اسمبلی ملک نصیر شاہوانی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔وفد نے وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر میر عبدالقدوس بزنجو کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں زمینداروں اور کسانوں کو پانی، بجلی اور کھاد سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی، ایران سے غیر قانونی طور پر آنے والے سیب کے باعث مقامی زمینداروں کو پہنچنے والے نقصان، بلوچستان کے کوٹے کی کھاد کی بیرون ملک سمگلنگ کی روک تھام سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی بات چیت کرتے ہوۓ بعض فوری اقدامات کی منظوری دی گئی۔

   وزیراعلیٰ نے کہا کہ خشک سالی کی وجہ سے  پیدا ہونے والے پانی کے مسئلے کے حل  کیلئے  100ڈیمز کی تعمیر کے منصوبے اور آبی وسائل کی ترقی کے دیگر منصوبوں پر جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔  انہوں نے کہا کہ صوبے کے زمینداروں  کیلئے  وفاقی حکومت سے خصوصی پیکج کے حصول اور زرعی قرضہ جات کی معافی کیلئے وزیراعظم سے درخواست کی جائے گی۔انہوں نے چیف ایگزیکٹو کیسکو کو زمینداروں کے مطالبے کے مطابق غیر قانونی ٹیوب ویلوں کو قانونی بنانے زرعی ٹیوب ویلوں  کیلئے  بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی اور زمینداروں کی مشاورت سے شیڈول مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ کیسکو محکمہ توانائی اور زمینداروں کے نمائندے باہمی مشاورت سے طریقہ کار وضع کرینگے۔

چیف سیکریٹری مطہر نیاز رانا، سینئرممبر بورڈ آف ریونیو، چیف ایگزیکٹو کیسکو، سیکریٹری زراعت اور سیکریٹری توانائی بھی اس موقع پر موجود تھے۔