کوئٹہ، 28 دسمبر (اے پی پی ): سینئر صوبائی وزیر خزانہ نور محمد دمڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو پر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے غلط پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ، موجودہ حکومت میں 28 ارب روپے کی لاگت سے 900 کے قریب منصوبوں پر لگئی گئی پابندی ہٹائی گئی ہے،حکومت صوبے کی ترقی کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔
منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب میں سینئر صوبائی وزیر خزانہ نور محمد دمڑ نے کہا کہ عوام کی فلاح وبہبود کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں،گزشتہ دو ماہ میں محکمہ خزانہ نے مختلف محکموں کے لیے فنڈز جاری کئے گئے ہیں،وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو پر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے غلط پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکومت کے خلاف پروپیگنڈا پر کان نہ دھریں، عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گئے۔
صوبائی وزیر نور محمد دمڑ نے کہا کہ جمہوریت میں اختلاف ہوتے ہیں مخالفت کرنا مخالفین کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی روز سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، پی ایڈ ڈی اور دیگر محکموں کو فنڈز نہیں دیے جارہے اور مخالفین خزانہ خالی ہونے کے جھوٹے الزام لگارہے ہیں جبکہ حکومت نے تمام فنڈز جاری کردیے ہیں۔











