لاہور؛ انسداد سموگ مہم ، ماحول دشمن غیر قانونی پلانٹس کی مسماری کا سلسلہ جاری

29

لاہور، 8دسمبر (اے پی پی):فضا میں آلودگی کا سبب بننےاور بغیر نقشوں کی اجازت کے بنائے جانے والے پلانٹس کے علاوہ ٹائرز کو پگھلا کر ایندھن بنانے والے ماحول دشمن غیر قانونی پلانٹس کی مسماری کا سلسلہ جاری ہے ،  تحصیل شالیمار کے علاقے میں 18 پلانٹس کو مسمار کروا دیا گیا ۔

اس سلسلے میں  اسسٹنٹ کمشنر شالیمار تہنیت بخاری نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ایم ایس آر آر آر پلانٹ، ایم ایس ہارون فاروق، ایم ایس شعیب، سلیم روشن پلانٹ، ایم ایس طیب، ایم ایس داؤد، ایم ایس عظیم قصوری، ایم ایس وقاص اکبر، ایم ایس علی گوہر پلانٹ ،سہیل پلانٹ، ایاز پلانٹ، نعیم ہارون پلانٹ، سلیم پلانٹ، ذوالفقار پلانٹ، احمد بٹ، ایم ایس شیخ عرفان، رمضان پلانٹس یونٹ ون اور ٹو اور اعجاز پلانٹ کو بے ضابطگیوں کے باعث منہدم کروایا گیا ۔یہ کارروائیاں تحصیل شالیمار کے علاقے لکھو ڈیر،ٹرکی روڈ، ایسٹرن بائی پاس، محمود بوٹی روڈ اور کرول گھاٹی میں کی گئیں۔

 اسسٹنٹ کمشنر شالیمار تہنیت بخاری نے بھرپور کارروائیوں کی بذات خود نگرانی کی۔

 اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر عمر شیر چٹھہ نے مؤقف دیتے ہوئے کہا کہ انسدادِ سموگ اور ائیر کوالٹی انڈیکس کو بہتر بنانے کے لئے قانون کے مطابق ضروری کاروائیاں کی گئیں ا،ن کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ان کارروائیوں کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ اور صحت عامہ کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

سورس : وی این ایس ، لاہور