رواں برس دیہات کی سطح پر پنجاب میں 500پلے گراؤنڈز تیار ہوجائیں گے؛وزیراعلیٰ  سردار عثمان بزدار

26

لاہور، 08دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے کے دیہات میں پلے گراؤنڈز بنارہی ہے،رواں برس دیہات کی سطح پر 500پلے گراؤنڈز تیار ہوجائیں گے، ان گراؤنڈز میں کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

بدھ کو یہاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی سربراہی میں وفد سے  ملاقات  کے دوران وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرکٹ کے 2نئے ہائی پر فارمنس سینٹرز بنائے جارہے ہیں۔

 وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی وزیر کھیل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی دی۔ کمیٹی پی سی بی کے ساتھ ملکرسکولوں اورکالجوں کی سطح پر کرکٹ کے فروغ اورگراؤنڈز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی۔

ملاقات میں صوبے میں نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈزکی تعداد بڑھانے کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر  صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹریز سپورٹس، لوکل گورنمنٹ، ڈی جی سپورٹس اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

سورس : وی این ایس ،  لاہور