ملتان: 5 سو بیڈز پر مشتمل نشتر ٹو ہسپتال کے منصوبے پر کام جاری ہے، ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں

75

ملتا ن، 20 دسمبر ( اےپی پی): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ پنجاب کے باسیوں کیلئے صحت کے حوالے سے اچھی خبر سامنے آئی ہے۔شہر اولیاءمیں جاری صحت کے میگا پراجیکٹ 5 سو بیڈز پر مشتمل نشتر ٹو ہسپتال کے منصوبے پر دن رات کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ 9.326 بلین لاگت کا ہسپتال نومبر 2022 میں خدمات کا آغاز کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نشتر ٹو کے منصوبے کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تعمیراتی کمپنی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ بھی دی گئی۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ بھی لیا،ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے نشتر ٹو کی صورت میں اس خطے کی عوام کو تحفہ دیا ہے۔ڈھائی سال کی قلیل مدت میں عالمی معیار کا ہسپتال تعمیر ہورہا ہے جو کہ اس شہر سمیت پورے خطے کو صحت کی سہولیات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سول ورک کے ساتھ مشینری اور طبی آلات کی خریداری کا عمل بھی جاری ہے جبکہ ڈاکٹرز کی رہائش گاہیں اور جدید سرائے بھی منصوبہ میں شامل کئے گئے ہیں۔عامر کریم خاں نے کہا کہ ہسپتال کی طرز تعمیر میں ملتانی ثقافت کو مدنظر رکھا جائے گا جبکہ تمام مشینری عالمی معیار کے مطابق بیرون ممالک سے منگوائی جارہی ہے۔عامر کریم خاں نے کہا کہ منصوبے کی مدت تکمیل اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔