ملکی مفاد میں طویل المدتی منصوبوں کے لئے پالیسیوں کا تسلسل لازمی عنصر ہے؛وزیراعظم عمران خان

42

اسلام آباد،1دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے سی پیک منصوبوں پر کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مفاد میں طویل المدتی منصوبوں کے لئے پالیسیوں کا تسلسل لازمی عنصر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور نے اجلاس میں سی پیک سے متعلق منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعطم عمران خان نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر کام مقرر مدت میں مکمل کیا جائے، پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ ہے، حکومت سی پیک منصوبوں کو عملی شکل دینے اور ان پر عملدرآمد کو انتہائی ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی مفاد کے زیادہ سے زیادہ حصول کے لئے طویل المدتی منصوبوں کے لئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سی پیک معاہدوں پر عملدرآمد کے لئے پرعزم ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، علی زیدی، حماد اظہر، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔