ملک میں 35 فیصد بچیاں پرائمری تعلیم سے محروم، بچیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دے رہے ہیں؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

22

اسلام آباد،27دسمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  کہا ہے کہ ملک میں 35 فیصد بچیاں پرائمری تعلیم سے محروم ہیں ، بچیوں کی تعلیم پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایوان صدر میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے قومی مہم کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  صدر مملکت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے علماء کرام معاشرہ میں مثبت انداز میں پیغام پہنچاسکتے ہیں، علمائے کرام نے کورونا کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ 32 فیصد بچیاں پرائمری تعلیم سے محروم ہیں، حکومت نے احساس پروگرام کے تحت سکالر شپس پروگرام شروع کیا، خواتین کو بنیادی تعلیم دے کر پاؤں پر کھڑا کیا جاسکتا ہے، اسلام پہلا مذہب ہے جس نے عورت کو معاشرے میں مقام دیا، علمائے کرام کبھی بھی بچیوں کی تعلیم کے مخالف نہیں رہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے کیلئے معاشرے میں تحفظ فراہم کرنا اہم ہے،علمائے کرام کا پیغام معاشرے میں بڑی اہمیت رکھتا ہے،عورتوں کو ہنرمند بنائے اور تعلیم دیئے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ علماء نے لڑکیوں کی تعلیم میں کبھی مزاحمت نہیں کی، سرسید احمد خان نے بہت کوششوں کے بعد برصغیر کے مسلمانوں کو جدید تعلیم کے حصول پر آمادہ کیا، حکومت لڑکیوں کی تعلیم کو انتہائی اہمیت دے رہی ہے، لڑکیوں کی تعلیم کے بارے میں علماء کا پیغام معاشرے میں اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساجد تعلیم کے مراکز کا کردار ادا کرسکتے ہیں، علماء کرام اور مشائخ نے کورونا وباء کے دوران معاشرے کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔

صدر نے کہا کہ خواتین کی سکل ڈویلپمنٹ ضروری ہے، اسلام نے14 سو سال قبل خواتین کو حقوق دیئے اورانہیں معاشرہ میں نمایاں مقام دیا۔ صدر مملکت نے مسجد کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی مسائل کے حل کیلئے مسجد سے عوام کو آگاہی دینا ہو گی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ علماء نے سکول سے باہر بچوں اور بچیوں کیلئے فجر سے ظہر تک مساجد میں تعلیم کا اہتمام کرنے کی پہلے ہی تجویز دی ہے۔