اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے وزارت خارجہ کو افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر او آئی سی کا خصوصی اجلاس کامیابی سے منعقد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا، او آئی سی وزراءخارجہ اجلاس کے ذریعے پاکستان کا افغانستان پر نکتہ نظر دنیا تک پہنچا۔ آئندہ سال مارچ میں او آئی سی کا فارمل سیشن بھی پاکستان میں ہونے جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اور وفاقی وزیر آئی ٹی سے کہا ہے کہ وہ ای وی ایم پر چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کریں۔ کابینہ نے اس بات پر زور دیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔











