وزیر مملکت فرخ حبیب نے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نئی انجیوگرافی مشین کا افتتاح کردیا

29

فیصل آباد،  4دسمبر  (اے پی پی): وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ہفتہ کے روز فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نئی انجیوگرافی مشین کا افتتاح کردیاجس کے ذریعے غریبوں کا مفت علاج ممکن ہوسکے گا۔اس موقع پر ایف آئی سی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ظفر عباس خان بلوچ اور پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے عہدیداران سمیت سول سوسائٹی کے مخیر حضرات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔مذکورہ جدید سہولیات سے آراستہ 2 کروڑ25 لاکھ روپے مالیتی انجیو گرافی مشین فیصل آباد کی دو مخیر شخصیات عطا گجر اور خواجہ شاہد کی جانب سے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو بطور عطیہ فراہم کی گئی ہے تاکہ دل کے امراض میں مبتلاغریب مریضوں کو بروقت علاج معالجہ کی سہولت میسر آسکے۔

اس موقع پر وزیر مملکت اطلاعات نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ حکومت شہریوں کو علاج معالجہ کی تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے یہی وجہ ہے کہ پنجاب کے تمام گھرانوں کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی شروع کی جارہی ہے جس سے بے وسائل لوگ اور تمام شہری اپنا اور اپنے گھرانے کے دیگر افراد کا سالانہ 10 لاکھ روپے تک اپنی پسند کے ڈاکٹر اور اپنی پسند کے ہسپتال سے مفت علاج کراسکیں گے اور اب کوئی بھی شہری صرف اس بنا پر بغیر علاج کے اللہ کو پیارا نہیں ہوگا کہ اس کے اہل خانہ اس کا علاج کرانے کی سکت نہیں رکھتے تھے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ صحت کارڈکے منصوبے سے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت نے سنجیدہ اقدامات کئے ہیں جن کے خاطر خواہ نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ، نجی اداروں اور صنعتکاروں کا حکومت سے تعاون خوش آئند ہے۔

 فرخ حبیب نے کہا کہ فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مقامی صنعتکاروں کے تعاون سے درآمد کی گئی انجیو گرافی مشین مستحق افراد کیلئے استعمال کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت مذکورہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے ایک پوراصحت کا نظام لارہی ہے جس سے پنجاب کی پوری آبادی کوہر قسم کی بیماری کی صورت میں صحت کی مفت اور اعلیٰ معیار کی تمام ممکن سہولیات میسر ہونگی۔انہوں نے کہا کہ ایسا پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ پنجاب کا ہر خاندان کسی بھی سرکاری، نجی و پرائیویٹ بڑے سے بڑے ہسپتال سے مکمل عزت و احترام کے ساتھ 10 لاکھ روپے تک اپنا و اہل خانہ کا فری آف کاسٹ علاج معالجہ کرواسکے گا۔

وزیر مملکت نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا اور وہاں داخل مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے انہیں فراہم کردہ علاج معالجہ کی سہولیات بارے دریافت کیا۔ اس دوران ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ظفر عباس خان نے انہیں ہسپتال کے اہم امور بارے بریف کیا۔

وزیر مملکت نے لنگر خانے کا بھی جائزہ لیا اور کھانے کا معیار چیک کیا نیز انہوں نے معیاری و صاف ستھرا اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق فراہم کردہ کھانے کی بھی تعریف کی۔