ٹنڈوآدم؛ ایک سو مسلمان جوڑوں، 28 عیسائی ، ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے 250 غریب اور مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب

72

ٹنڈوآدم، 31 دسمبر (اے پی پی):سماجی تنظیم اوڈیرو لعل ویلفیئر اور ہندو پنچائت کی جانب سے مذہبی رواداری کی بہترین مثال قائم کرتے ہوئے  مقامی شادی ہال میں ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی ایک سو مسلمان جوڑوں، 28 عیسائی جوڑوں سمیت ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے 250  غریب اور مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کروائی گئیں۔

 اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں سندھ کے مختلف علاقوں کے جوڑوں کی اپنی اپنی رسومات کے مطابق نکاح اور شادی کی دیگر رسمیں ادا کی گئیں۔ شادی شدہ جوڑوں کو پنکھوں، بستروں، سونے کی رِنگ، کمبل اور کپڑوں سمیت دیگر اشیا پر مبنی ایک لاکھ روپے تک کی مالیت کا جہیز بھی دیا گیا اور اس کے ساتھ ان کو روزگار کے لئے سلائی مشینیں بھی فراہم کی گئیں تاکہ وہ روزگار کرکے اپنا گذر سفر کر سکیں۔

 اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے تقریب کے منتظم بابا راجکمار نے بتایا کہ ان کی تنظیم کی جانب سے گذشتہ کئی برسوں سے غریب خاندانوں اور ضرورت مند  جوڑوں کی شادیاں کرائی جاتی ہیں اور اس میں کوئی تفریق نہیں کی جاتی۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی تقریبات کے ذریعے انتہاپسندی اور نفرت کو شکست ملتی ہے اور  مذہبی رواداری کو فروغ حاصل ہوگا۔

   تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس خادم حسین رند نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور اوڈیرو لعل ویلفیئر کے کارکنان  کی کاوشیں قابل ستائش ہیں جو  بلا تفریق اور مذہبی رواداری کے فروغ کو مدنظر رکھتے ہوئے  ایسے پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ سندھ محبت کی سرزمین ہے جس کی مثال آج ہمیں دیکھنے کو مل رہی ہے۔

 اس موقع پر ہندو پنچائت کے مرکزی رہنما راجیش کمار، سماجی شخصیت مرزا اشفاق بیگ، سینئر صحافی عاشق حسین ساند، آچر خاصخیلی اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔تقریب میں شریک دولہوں اور ان کے عزیزوں نے  ڈھول کی تھاپ پر استقبال کرنے کے ساتھ انہیں کھانا بھی کھلایا گیا۔