پاراچنار، 07 دسمبر(اے پی پی):الیکشن کمیشن ضلع کرم کے زیر اہتمام پاراچنار پریس کلب میں ووٹرز ڈے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ووٹ اور لوکل باڈیز الیکشن کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عبد الروف خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ وزیر نے کہا کہ پہلی بار ضم شدہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں لہذا لوگ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اچھے اور قابل امیدوار سامنے لائیں تاکہ وہ علاقے کی صحیح معنوں میں خدمت کرسکیں اور پسماندہ قبائلی اضلاع کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹوں کا اندارج بروقت کریں اور اپنے ووٹ کی تصدیق کیلئے 8300 سے رابطہ کریں تاکہ عین وقت پر انہیں کسی قسم پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
عمائدین نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے قبائلی اضلاع کی تقدیر بدلے گی اسی لئے تمام طبقات کے لوگ اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں خصوصاً معذوروں اور خواتین کے ووٹ کو ضائع ہونے سے بچائیں عمائدین نے اس قسم کے پروگرامات کے انعقاد کو اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے اسے گاؤں گاؤں قریہ قریہ منعقد کرانے کا مطالبہ کیا تاکہ اس سے تمام طبقات کے لوگ یکساں طور پر آگاہ ہوسکیں
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ وزیر ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ ، ایجوکیشن آفیسر سید میر حسین ، ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ انچارج غلام مرتضی ، ٹی ایم او سید بہار حسین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
سورس: وی این ایس، پاراچنار