پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور معاشی تعلقات کو بڑھانے کیلئے پرعزم ہے؛وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی

27

اسلام آباد،19دسمبر(اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور معاشی تعلقات کو بڑھانے اور انہیں سیاسی تعلقات سے ہم آہنگ بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر  سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،افغانستان سمیت خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے مشکل وقت میں پاکستان کی معاونت پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ پاکستان، مارچ 2022 میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے، یکے بعد دیگرے دو وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاسوں کی میزبانی، مسلم امہ کیلئے پاکستان کی سنجیدہ سوچ کی ترجمانی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، او آئی سی کو مسلم امہ کی مستحکم آواز جانتے ہوئے، اسلامو فوبیا، امن و سلامتی اور دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے او آئی سی کے موثر کردار کا متقاضی ہے۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چالیس سال کی جنگ و جدل کے بعد افغانستان میں قیام امن کا موقع میسر آ رہا ہے،  افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات ہمسایہ ممالک، خطے اور دنیا بھر کیلئے مضر ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں، ستاون مسلم ممالک کی آواز کی حامل او آئی سی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے شاندار انتظامات کو سراہتے ہوئے، پر خلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد