پاکستان صومالیہ کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے؛وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

33

اسلام آباد،19 دسمبر(اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان صومالیہ کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،عوامی سطح پر مربوط روابط دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا موجب ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر صومالیہ کے وزیر خارجہ عبدالسعید موسے علی سے ملاقات میں کیا۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے صومالیہ کے وزیر خارجہ کو پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کہا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت 2000 کے قریب صومالی طلباء پاکستان میں زیر تعلیم ہیں، ہمیں امید ہے کہ جلد ہی دوطرفہ سیاسی مشاورت کے لیے مفاہمت نامے کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ  ہم صومالیہ کے ساتھ سائنسی، تکنیکی، دفاعی اور سفارتی شعبوں میں اپنی مسلسل معاونت کیلئے تیار ہیں۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، نادرا کے ذریعے صومالیہ کے قومی ڈیٹا بیس کے قیام کے ساتھ ساتھ فوجی تربیتی کورسز میں بھی معاونت کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے،  ہم صومالیہ کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں ۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، مارچ 2022 میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے،یکے بعد دیگرے دو وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاسوں کی میزبانی، مسلم امہ کیلئے پاکستان کی سنجیدہ سوچ کی ترجمانی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، او آئی سی کو مسلم امہ کی مستحکم آواز جانتے ہوئے، اسلامو فوبیا، امن و سلامتی اور دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے او آئی سی کے موثر کردار کا متقاضی ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی  نے کہا کہ چالیس سال کی جنگ و جدل کے بعد افغانستان میں قیام امن کا موقع میسر آ رہا ہے،  افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات ہمسایہ ممالک، خطے اور دنیا بھر کیلئے مضر ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں،  ستاون مسلم ممالک کی آواز کی حامل او آئی سی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔

صومالیہ کے وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے عمدہ انتظامات کو سراہتے ہوئے، پرخلوص میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

سورس: وی این ایس،اسلام آباد