پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیر اہتمام علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمرجنسی مشقوں کا انعقاد

47

لاہور، 6 دسمبر ( اے پی پی): پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیر اہتمام علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیر کے روز ایمرجنسی مشقوں کا انعقاد کیا گیا ،جس میں پاکستان سول ایویشن  اتھارٹی کی فائر اور میڈیکل سروسز کی ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا ،ان مشقوں کو حقیقت کا روپ دینے کے لئے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بڑے پیمانے پر تیل کی آگ یعنی کلاس بی فائر کو جدید ترین کرش ٹینڈرز سے بجھانے کا عملی مظاہرہ کیا ،اس کے بعد جہاز  میں پھنسے ہوئےزخمی مسافروں کو سول ایوی ایشن اتھارٹی ،ریسکیو 1122 فائر فائٹر  نے بڑی جانفشانی اور مہارت کے ساتھ جہاز سے باہر نکال کر سول ایوی ایشن اتھارٹی میڈیکل سروسز کے حوالے کیا جنہوں نے موقع پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے متعلقہ ہسپتال کی طرف روانہ کیا ،مذکورہ مظاہرہ میں ایئر سائیڈ  مینجمنٹ ،سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹ جن میں میڈیکل ،فائر سروس اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ ریسکیو 1122،پی آئی اے ،سٹی فائربرگیڈ ،پاک آرمی ،ایئر فورس ،سی اے اے ، سروسز ہسپتال ،جناح اسپتال ،سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ،ہیلتھ سروسز کی ٹیموں نے حصہ لیا ،اس موقع پر منیجر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور  نذیر احمد خان نے امرجنسی مشقوں میں شرکت کرنے والے تمام محکموں کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں بہترین مظاہرہ کرنے پر شاباش دی، مذکورہ فائر کے عملی مظاہرے میں پاکستان سول ایوی ایشن کے نمائندے ،عینی شاہدین سمیت دیگر اداروں کے سربراہ اور نمائندے بھی موجود تھے۔