لاہور، 11دسمبر(اے پی پی): وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مختلف مکاتب فکر کے قائدین کے ہمراہ وارث روڈ پر واقع کیتھیڈرل چرچ میں سانحۂ سیالکوٹ کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ دین اسلام امن اور رواداری کا دین ہے ،پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مختلف مکاتب فکر کی اہم شخصیات نے باہم بیٹھ کر بات چیت کی ہے ہمارے مابین یہ امر طے شدہ ہے کہ مسیحی، سکھ اور ہندو بیٹیاں بھی ریاستی سطح پر ہم سب کی بیٹیاں ہیں ہمارے لئے سب کی عزت اور حرمت عزیز ہے، مذہب کے نام پر کسی سے نفرت کی کوئی گنجائش نہیں۔