پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس (شہید) کی والدہ بیگم رشیدہ منہاس مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

76

اسلام آباد،11دسمبر  (اے پی پی):پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس (شہید) کی والدہ بیگم رشیدہ منہاس کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے مرحومہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاک فضائیہ کے پائلٹ آفیسر راشد منہاس (شہید)، نشان حیدر کی والدہ بیگم رشیدہ منہاس ہفتہ کی صبح کراچی میں انتقال کر گئیں تھیں، انہیں پاک فضائیہ نے خراج عقیدت پیش کیا اور پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے مرحومہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ نماز جنازہ میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کے نام سے منسوب نمبر 2 اسکواڈرن کے ایئر اور گراونڈ کریو نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔

 ائیر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ، ائیر وائس مارشل زعیم افضل نے پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کے ہمراہ مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی جانب سے ان کی قبر پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی گئی۔