پنجاب میں 23 ہسپتالوں کی تعمیر کے منصوبے جلد مکمل ہو جائیں گے؛ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار

32

لاہور، 31دسمبر ( اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نے کہا ہے کہ اہل لاہور کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، اب کسی کو علاج کیلئے لندن یا امریکہ جانے کی ضرورت نہیں، یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کا آغاز ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے کیا،مارچ تک پنجاب بھر میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ لانچ کر دیا جائے گا، ساڑھے 11 کروڑ افراد کو علاج کی مفت سہولت فراہم کریں گے، پنجاب میں 23 ہسپتالوں کی تعمیر کے منصوبے جلد مکمل ہو جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے گورنر ہاؤس میں لاہور ڈویژن کیلئے “نیاپاکستان قومی صحت کارڈ” کی لانچنگ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب قومی صحت کارڈ پروگرام کیلئے 400 ارب روپے فراہم کرے گی پنجاب کے ہر شہری کو مفت علاج کا وعدہ نبھائیں گے۔یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کی مثال بعض ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہیں ملتی مفت علاج کی سہولت کسی پر احسان نہیں، عوام کا حق ہے عوام کی فلاح و بہبود پاکستان کے آئین اور پی ٹی آئی کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ساتھ ساتھ صحت کے باقی پراجیکٹس بھی مکمل کریں گےپنجاب بھر میں 23ہسپتالوں کی تعمیر کے پراجیکٹ پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے،صوبہ بھر میں 158 ہسپتالوں اور طبی مراکز کی اپ گریڈیشن کی جا چکی ہے۔ہیلتھ کے91 منصوبے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت مکمل کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 2013-18 میں ہیلتھ کا بجٹ 169 ارب اور اب 389 ارب ہے صوبہ بھر میں مفت ادویات کی فراہمی کیلئے سوا 37 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے شعبہ ہیلتھ میں تقریباً 35 ہزار نوکریاں فراہم کر چکے ہیں۔ایک لاکھ نوکریوں کا وعدہ بھی پورا کریں گے۔