لاہور، دسمبر 27(اے پی پی): ترجمان پنجاب حکومت حسّان خاور نے کہا ہے کہ پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کی تیاری زور و شور سے جاری ہے انشاءاللہ وہ وقت پر کروائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج الحمرا ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کوٹ لکھپت جیل نواز شریف کا انتظار کر رہی ہے، سابق وزیر اعظم کی واپسی کی باتیں ایسے ہو رہی ہیں جیسے وہ ورلڈ کپ جیت کر آ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی معاشی ترقی کیلئے تمام محکموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے،تمام محکمے اپنے شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کے پابند ہوں گے کارکردگی نہ دکھانے والے محکموں کی باقاعدہ سرزنش کی جا رہی ہے اور تمام محکموں کے بزنس پلان دیکھے جا رہے ہیں ، حسان خاور کا کہنا تھا کہ سسٹم بنانے کا بنیادی مقصد افسران کو ان کی ذمہ داریاں بتانا ہے ، جزا اور سزا کا سسٹم صوبائی ورکنگ مشینری کو بہترین بنانا ہے۔











