ملتان، 04 دسمبر (اے پی پی ): کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج ملتان ڈی آئی جی گوہر مشتاق بھٹہ نے کہا ہے کہ پولیس ٹریننگ کالج میں تدریسی اور پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ جوانوں کی خوابیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہیں، جوانوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کو بہتر رکھنے کے لیے کھیلوں کے مواقع بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے کالج کے سالانہ کھیلوں کی اختتامی تقریب میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں کھلیوں اور کھلاڑیوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور اس محکمہ کے کھلاڑی مختلف کھیلوں میں قومی ٹیم کی بھی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کر کے ہم معاشرے کو بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
ڈی آئی جی گوہر مشتاق بھٹہ نے کہا کہ پولیس کے محکمہ میں جسمانی مضبوطی اہمیت کی حامل ہے۔ مضبوط جسم و مضبوط اعصاب کے حامل افسران اور جوان کسی بھی موقع پر بہترین کارکردگی کے حامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی قوت برداشت میں اضافہ کا سبب ہیں اور نوجوانوں کو چاک و چوبند رکھتے ہیں ، ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے جوانوں کی تحریر اور تقریر کی صلاحیت کو بھی نکھارا جاتا ہے۔
سپورٹس ویک میں فٹبال،کرکٹ،والی بال، رسہ کشی،بیڈمنٹن،کیرم بورڈ،ٹیبل ٹینس کے مقابلے ہوئے نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالتے رہے۔
کھلیوں کے اختتام پر کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج گوہر مشتاق بھٹہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
تقریب میں ڈی ایس پی شعبان محمود بھٹی،ڈی ایس پی فیاض سنپال، ڈی ایس پی منصور عالم خان،پی ایس او عبدالنعیم بھی موجود تھے ۔