چکوال،1 دسمبر (اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ( اے ڈی سی آر) عمران بشیر وڑائچ کے زیرِ صدارت ماہانہ ریونیو عوامی خدمت سروسز کا انعقاد اے سی چکوال کے دفتر میں کیا گیا جس میں عوام نے شرکت کر کے اپنے مسائل کی نشاندہی کی ۔ ریونیو عوامی خدمت سروسز میں عوام کی طرف سے مجموعی طور پر 23 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 20 درخواستیں متعلقہ افسران و اہلکاران کی موجودگی میں موقع پر نمٹا دی گئیں جبکہ باقی ماندہ تین درخواستوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اے ڈی سی آر نے متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کئے اور موقع پر موجود اے سی چکوال کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے سلسلہ میں متعلقہ ریونیو افسران و اہلکاران کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ ریونیو عوامی خدمت سروسز میں موصولہ عوامی مسائل پر مبنی درخواستوں کا تعلق درستگی ریکارڈ ، اجراء فرد ، اندراج انتقال ، رجسٹری ، اجراء ڈومیسائل اور متفرق ریونیو امور سے تھا ۔ اے ڈی سی آر عمران بشیر وڑائچ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے ریونیو عوامی خدمت سروسز پروگرام کے تحت ضلع کے عوام کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو سے متعلق عوامی مسائل کے بلا تاخیر حل کے لئے ماتحت افسران کی کارکردگی کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ عوامی مسائل کے حل کا عمل حکومتی اقدام کی اصل روح کے مطابق یقینی بنایا جا سکے #