لاہور، 25دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرسمس جیسے تہوارمذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں، پاکستانی قوم کی خوشیاں سانجھی ہیں اور ہم سب ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں، مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، پاکستان کی تعمیر وترقی میں اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری نے قابل تحسین کردارادا کیا ہے۔
ان خیالات اظہار وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعلیٰ آفس میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا، وزیراعلیٰ نے مسیحی برادری کے ساتھ مل کر کرسمس کا کیک بھی کاٹا ۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ مسیحی برادری کی خدمات،وطن سے محبت اورمادروطن سے وابستگی ہر لحاظ سے قابل ستائش ہے جبکہ پاکستان ہم سب کا ہے اور پاکستا ن میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اورترقی کیلئے مساوی حقوق حاصل ہے۔
تقریب میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم،صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک،صوبائی وزیر ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد،ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور،اراکین پنجاب اسمبلی مہندر پال سنگھ،سید افتخار گیلانی، ہارون گل، یوڈیسٹرچوہان، بشپ آزاد مارشل،آرچ بشپ سبسٹین فرانسیز، ڈاکٹر مجید ایبے، سالویشن آرمی لاہور کے سربراہ، چیئرپرسن مینارٹی ایڈوائزری کونسل پنجاب جیکولین ٹریسلر، وائس چیئرمین مینارٹی ایڈوائزری کونسل پنجاب روبنسن عزیز فرانسیز، بشپ ولسن جان گل،سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی امور اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
سورس : وی این ایس، لاہور











