ہمارا مطالبہ ہے کہ شہباز شریف کے کیسز روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو ، میڈیا شہباز شریف کیس میں منی لانڈرنگ کا خود جائزہ لے؛ چوہدری فواد حسین

22

لاہور،31 دسمبر ( اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہمارا  مطالبہ  ہے کہ  شہباز شریف کے کیسز  روزانہ   کی  بنیاد   پر  سماعت   ہو  ، میڈیا شہباز شریف کیس  میں  منی  لانڈرنگ  کا خود  جائزہ  لے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کے باہر  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف کی معاشی ٹیم نے قرضوں کے باوجود پاکستان کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کیا، اپوزیشن والے بھاگے ہوئے ہیں، وہ واپس میدان میں تو آئیں، تو ہی ان سے بات ہو سکے گی،عمران خان نے اپوزیشن بھی کر کے دکھائی تھی، ان بے چاروں سے تو اپوزیشن بھی نہیں ہو پا رہی،سیاست کرنے کا حق ہر ایک کو حاصل ہے، ہم چاہتے ہیں پی پی پی اور ن لیگ قومی سیاست کریں۔انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے سندھ کے لوگوں کو صحت کارڈ سے محروم رکھا ہوا، پیپلز پارٹی صرف سندھ کارڈ کھیلنا چاہتی ہے پیپلز پارٹی یہاں آئے، جلسہ کرے، دس مرلے کے گھر میں ان کا جلسہ ہو جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان کے بعد آج پنجاب کے شہریوں کو صحت کارڈ کی سہولت میسر ہو گئی ہے 10 لاکھ روپے تک ہر خاندان علاج معالجہ کی سہولت حاصل کر سکے گا، آج سے یہ سہولت لاہور ڈویژن کو فراہم کر دی گئی ہے، 20 تاریخ تک پنجاب کے تمام ڈویژن میں یہ سہولت فراہم کر دی جائے گی،بلوچستان نے صحت کارڈ کے لئے اپنی رضامدی ظاہر کر دی ہے، بدقسمتی سے سندھ اس منصوبہ کا حصہ نہیں بنا  وزیراعلیٰ سندھ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں اور اس عظیم منصوبے میں شامل ہوں۔

 چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آئندہ ماہ سے راشن پروگرام بھی شروع ہو جائے گا،فنانس ایکٹ میں ترامیم کا بنیادی مقصد پاکستان میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینا ہے،343 ارب روپے کا سیلز ٹیکس میں رعایت میں سے صرف 71 ارب روپے ٹیکس کی رقم ہے، باقی تمام ریفنڈ اور ایڈجسٹ ایبل ٹیکس ہے، درآمدی اشیاءپر ٹیکس موجود رہے گا جبکہ باقی تمام چیزوں پر ٹیکس ختم کیا گیا ہے۔

 چوہدری فواد حسین نے مزید کہا کہ شوکت ترین نے فلم انڈسٹری کو بچانے کے لئے زبردست اقدامات اٹھائے، سینما کی مشینری اور فلم پروڈکشن سے ٹیکس ہٹا دیا گیا ہے،غیر ملکی ڈراموں اور فارن ایکٹرز کی وجہ سے ہمارے فنکار بے روزگار ہو رہے تھے، فارن مواد پر ٹیکس عائد ہونے کا فائدہ مقامی فنکاروں کو ہوگافلم اور ڈرامہ پاکستان کا بیانیہ پیش کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس شعبہ کی بحالی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر بنانے کے لئے پرعزم ہیں،وزیراعظم ایسی ریاست قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں قانون کا احترام اور امیر و غریب میں فرق نہ ہو، تمام شہریوں کو بنیادی سہولیات تک یکساں رسائی حاصل ہو،پہلی مرتبہ عوام پر توجہ مرکوز کرنے والی حکومت کام کر رہی ہے، فنانس بل پیش ہونے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا، آئندہ تین چار ماہ میں مہنگائی میں مزید کمی ہوگی۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سبزیوں سمیت دیگر اشیاءسستی ہو رہی ہیں، آئندہ ایک دو ماہ میں ان اشیاءکی قیمتیں مزید کم ہوں گی اپوزیشن کے پاس سیاست کے لئے کچھ نہیں رہا، پہلے کہا جا رہا تھا کہ نواز شریف واپس آ رہے ہیں، اب ہم نے کہا ہے کہ ہم نواز شریف کو واپس لائیں گے تو اپوزیشن نے گھبرا کر بل پر سیاست کرنا شروع کر دی ہے ہم چاہتے ہیں کہ ہائی کورٹ نواز شریف کے کیس کا فیصلہ جلد کرے، انہیں وطن واپس لایا جائے ہمارا مطالبہ ہے کہ شہباز شریف کے کیسز روزانہ کی بنیاد پر چلنے چاہئیں،میڈیا شہباز شریف کیس میں منی لانڈرنگ کا خود جائزہ لے۔