اسلام آباد میں 6 نومبر سے سیاحت، اسپورٹس اور فیملی فیسٹیول کا انعقاد

29

اسلام آباد، 4 نومبر(اے پی پی): وفاقی دارالحکومت میں ملک کی سیاحت، کھیلوں اور خاندانی تفریح کے سب سے بڑے میلے “پاکستان ٹورازم، اسپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول” کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ 3 روزہ یہ رنگا رنگ فیسٹیول 6 سے 8 نومبر تک اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس اور ایف نائن پارک میں منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر کی خوبصورتی، ثقافت اور تفریح کے رنگ ایک ہی جگہ دیکھنے کو ملیں گے۔

ترجمان کے مطابق اس فیسٹیول کا بنیادی مقصد ملک میں سیاحت اور روایتی کھیلوں کو فروغ دینا ہے۔ فیسٹیول میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی ثقافت، روایتی کھانوں اور دستکاریوں کے شاندار اسٹالز سجائے جائیں گے، جہاں شائقین کو پاکستان کے مختلف سیاحتی مقامات سے متعلق آلاگہی اور انفارمیشن ڈیسک کی سہولت بھی میسر ہوگی۔

ایڈونچر اور کھیلوں کے شائقین کے لیے فیسٹیول میں ہاٹ ایئر بلون، پیرا موٹر فلائنگ، پیراگلائیڈنگ، سائیکلنگ، ٹینٹ پیگنگ، کار شو اور ایک خصوصی ایڈونچر زون قائم کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں فیملیز اور بچوں کی دلچسپی کے لیے فیملی فن گالا، بچوں کی کھیلوں کی سرگرمیاں، لائیو میوزک، میوزیکل نائٹس اور دلکش فائر ورکس (آتش بازی) کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

اس میلے کا انعقاد پاکستان ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) ، وزارتِ بین الصوبائی رابطہ(آئی پی سی) ، پاکستان ہینگ گلائیڈنگ اینڈ پیراگلائیڈنگ ایسوسی ایشن اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے ) کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق فیسٹیول کے اوقات کار صبح 11 بجے سے رات 10 بجے تک ہوں گے۔ عوام الناس کی سہولت کے لیے انٹری ٹکٹ کی قیمت 100 روپے فی کس اور فیملی ٹکٹ 150 روپے مقرر کی گئی ہے۔