اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعہ کو یہاں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کے زیر اہتمام دو روزہ اسلام آباد کانکلیو 2021 کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپ نے سیکھا کہ جنگ تباہی ہے لیکن پھر بھی جنگیں ختم نہیں ہو رہیں۔
دنیا کی اقوام کے درمیان ہتھیاروں کی مسلسل دوڑ کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ اس کے بجائے دنیا کو غربت میں کمی کے لیے اپنے عزم کو ظاہر کرنے کی ضرورت ہے جس پر بدقسمتی سے توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ اس کے بجائے، این جی اوز اور بل گیٹس جیسے عظیم لوگ اس خلا کو پر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے دنیا پر زور دیا کہ وہ ان رویوں پر نظر ثانی کرے کیونکہ خدشہ ہے کہ نئی قسم کی جنگ انسانیت کے لئے تباہ کن ہو گی۔