یونیورسل سروس فنڈ کے تحت جنت نظیر وادی کمراٹ، سوات کے اہم سیاحتی مقامات سمیت 19 اضلاع میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی اور فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے کے 10 مختلف منصوبے شروع کیئے جائیں گے

36

اسلام آباد،12دسمبر  (اے پی پی):وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے تحت جنت نظیر وادی کمراٹ، سوات کے اہم سیاحتی مقامات سمیت 19 اضلاع میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی اور فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے کے 10 مختلف منصوبے شروع کیئے جائیں گے جس پر مجموعی لاگت 11 ارب 56 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد آئے گی۔

منصوبوں کی باضابطہ منظوری سیکریٹری آئی ٹی و چیئرمین یوایس ایف بورڈ ڈاکٹر سہیل راجپوت کی زیرصدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 80 ویں اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں بورڈ ارکان، ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک، چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ، عمران اختر شاہ، کوکب اقبال نے شرکت کی اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو یو ایس ایف حارث محمود چوہدری نے بورڈ ارکان کو منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری آئی ٹی و چیئرمین بورڈ ڈاکٹر سہیل راجپوت نے کہا کہ یو ایس ایف کے قیام کو 15 سال ہوچکے لیکن ابتدائی 12 برسوں میں اس کے منصوبوں کے اجراء کی رفتار انتہائی سست رہی، اس کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے 3 برسوں خصوصا گذشتہ 2 برسوں میں 31 ارب روپے سے زائد کے ریکارڈ 37 منصوبوں کا اجراء کیا گیا جن میں 2019-20 میں 12 اور 2020-21 میں 25 منصوبےشامل ہیں جبکہ رواں مالی سال ان منصوبوں کی تعداد 28 تک لے جانے کا ہدف رکھا گیا یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ یونیورسل سروس فنڈ کو وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کی صورت میں ایک بہترین لیڈرشپ میسر آئی ہےجو وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کیلئےدن رات کوشاں ہیں اس لیئےضروری ہےکہ یو ایس ایف اپنی اس شاندار کارکردگی کو آگے بڑھاتے ہوئے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنائے۔

دریں اثناء بورڈ اجلاس میں منظور کیئے گئے منصوبوں کے تحت سوات، دیر بالا، ایبٹ آباد اور مانسہرہ ضلع کے اہم سیاحتی مقامات پر 2 ارب 6 کروڑ روپے کی لاگت سے براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کے دو مختلف منصوبے جاز نیٹ ورک کو تفویض کیئے گئے ہیں۔ جس کے نتیجے میں وزیراعظم عمران خان کے سیاحت و سیاحتی مقامات کے فروغ پروگرام کو تقویت ملے گی اور سیاحوں کو تیز ترین انٹرنیٹ و موبائل سروسز کی سہولیات میسر آئیں گی۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنا لوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق کی خصوصی ہدایت پر ان منصوبوں کیلئے ابتدائی ٹیکنیکل سروے اور ڈیزائن کی تکمیل ریکارڈ مدت میں کی گئی ہے جبکہ اس منصوبے کی تکمیل بھی کم سے کم مدت میں کی جائے گی۔اسی طرح خیبرپختونخواہ کے اضلاع بونیر اور شانگلہ کے 102 دیہاتوں میں 2 ارب روپے سے زائد سے براڈ بینڈ و موبائل سروسز کی فراہمی کا منصوبہ ٹیلی نار پاکستان کو تفویض کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کے اضلاع میانوالی و خوشاب کے 186 دیہاتوں میں ایک ارب 59 کروڑ روپے کی لاگت سے براڈ بینڈ سروسز فراہمی کا منصوبہ جاز نیٹ ورک کو تفویض کیا گیا ہے۔ بلوچستان کے اضلاع لسبیلہ اور آواران کے 223 دیہاتوں میں ایک ارب 77 کروڑ روپے سے براڈ بینڈ و موبائل سروسز فراہمی کا منصوبہ یوفون/پی ٹی سی ایل نیٹ ورک کو دیا گیا ہے۔ نیکسٹ جنریشن براڈ بینڈ سروسزفراہمی کے دیگر منصوبوں کے تحت پنجاب کے ضلع بھاول نگر اور سندھ کے اضلاع نوشہرو فیروز و خیرپورکے 11 دیہاتوں میں مجموعی طور پر 6 کروڑ 70 لاکھ روپے کے منصوبے بالترتیب ٹیلی نار اور جاز نیٹ ورک کو دیئے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں یو ایس ایف بورڈ نے یونین کونسل سطح تک آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے منصوبوں کے تحت میانوالی کی 31 یونین کونسلوں میں 61 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے 324 کلومیٹرطویل آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے، سندھ کے اضلاع دادو، جامشورو، بدین اور حیدرآباد کی 104 یونین کونسلوں میں 3 ارب 40 کروڑ روپے کلی لاگت سے مجموعی طور پر ایک ہزار 61 کلومیٹر طویل فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے کے منصوبے منظور کرلیئے یہ تمام منصوبے پی ٹی سی ایل کو تفویض کیئے گئے ہیں۔