ملتان، 22 دسمبر(اےپی پی): سیکرٹری ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ تعلیمی شعبے میں تفریق ختم کرنے اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے یکساں قومی نصاب کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، یکساں قومی نصاب کے حوالے سے نیشنل کریکولم کونسل کے پالیسی ڈائیلاگ میں جنوبی پنجاب کے اساتذہ نے عالمانہ بحث اور آراءکا قابل تحسین حصہ ڈال کر اس خطے کا نام روشن کیا۔ وہ آج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کے کمیٹی روم میں وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے زیراہتمام یکساں قومی نصاب کے حوالے سے منعقدہ پالیسی ڈائیلاگ سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر نیشنل کریکولم کونسل ڈاکٹر مریم چغتائی سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اساتذہ، ماہرین تعلیم اور تعلیمی افسران موجود تھے۔ سیکرٹری ایجوکیشن نے اسکیم آف اسٹڈیز میں جامع تعلیم، کیریئر کونسلنگ اور ماحولیاتی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے معیاری تعلیم کے ساتھ تحقیق پر توجہ وقت کی ضرورت ہے۔ پالیسی ڈائیلاگ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیشنل کریکولم کونسل ڈاکٹر مریم چغتائی نے کہا کہ یکساں قومی نصاب کے حوالے سے اساتذہ اور ماہرین تعلیم کی آراءلینے کے لیے وفاقی وزارت تعلیم نے پالیسی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا جس کا آغاز آزاد کشمیر سے کیا گیا اور لاہور، کراچی اور ملتان کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی پرائیویٹ سیکٹر، اساتذہ اور والدین کے ساتھ کریکولم لنگوئج پالیسی، معیار اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر سیشنز رکھے جائیں گے۔ ڈاکٹر مریم چغتائی نے کہا کہ یکساں قومی نصاب کے معاملے پر صوبائی حکومتیں سٹیک ہولڈر نہیں ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کو بتایاکہ وفاقی وزارت تعلیم نے یکساں قومی نصاب کے معاملے پر اساتذہ کے فیڈبیک کے لیے فیڈبیک پورٹل کا اجراءبھی کر دیا ہے۔











