راولپنڈی ،28جنوری (اے پی پی):آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو لاہور گیریژن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں کور ہیڈکوارٹر میں فارمیشن کے مختلف آپریشنل اور تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں آرمی چیف نے LUMS، FCU، UET، LSE، PU اور GCU کے وائس چانسلرز، فیکلٹی ممبران اور طلباء سے بات چیت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان کی مستقبل کی قیادت اور کارآمد شہریوں کی تیاری میں ان اہم تعلیمی اداروں کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر/صنعت اور ماحولیات کے شعبوں میں انسانی وسائل کی ترقی کی اشد ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ذاتی مفادات کے لئے غلط معلومات کا پھیلاؤ نہ صرف غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے بلکہ اس سے معاشرتی ہم آہنگی کو بھی خطرہ ہے۔ انہوں نے دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں، انہیں مناسب مواقع اور سازگار ماحول ملنے پر وہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔
اس موقع پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی موجود تھے۔











