افغانستان میں پٹنے کے بعد دشمن پاکستان میں خون کی ہولی کھیلنا چاہتا ہے ؛ علامہ محمد طاہر محمود اشرفی

27

لاہور،30جنوری (اے پی پی):وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ علامہ محمد طاہر محمود اشرفی    نے کہا ہے کہ  بنتِ رسول سیدہ فاطمۃ الزھرا سلام اللہ علیھا کائنات میں سب سےافضل خاتون ہیں، مذہبی مقدسات کا احترام نہ کرنے والوں کے خلاف قانون سختی سے حرکت میں آئے گا، افغانستان میں پٹنے کے بعد دشمن پاکستان میں خون کی ہولی کھیلنا چاہتا ہے۔

 ان خیالات  کا  اظہار  انہوں نے فضائلِ سیدہ طیبہ طاہرہ فاطمتہ الزھرا سلام اللہ علیھا کے عنوان سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن و سیرت سٹڈیز میں منعقدہ سیمینار  سے  خطاب اور  بعد ازاں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے  کیا۔انہوں نے کہا کہ پیغامِ پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر تمام مکاتب فکر کے قائدین نے دستخط کئے ہیں اور اب بھی کوئی مسلکی و فقہی مقدسات کی توہین کا مرتکب ہو گا وہ قانون کی زد میں آئے گا۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان مسلمانوں اور مظلوموں کی حمایت اور تائید کے لئے معرض وجود میں آیا، اسی لئے آج وزیر اعظم عمران خان کی اس حوالے سے توانا تر آواز پوری دنیا میں گونج رہی ہے، حکومت وقت کی ہدایت پر پاکستان علماء کونسل اور متحدہ علماء بورڈ نے درسی کتب اور نصاب کو شدت پسندی سے پاک کیا ہے، اب تمام مذہبی مقدسات کا احترام لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ  اہلِ بیت اطہار اور صحابہ کرام کی حرمت و احترام تمام مسلمانوں کا مشترکہ اثاثہ ہے، اب کوئی ان عظیم الشان شخصیات کے بارے بات کرتے ہوئے احترام کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے۔

 نمائندہ خصوصی نے کہا کہ اب اس ملک میں مسلکی انتشار پیدا کرنے والے اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کی کوئی گنجائش باقی نہیں، ہمیں سب کی عزتوں کا پاس ہے مگر نبی کریم ﷺ اور اہلِ بیت اطہار سے بڑھ کر ہمیں کچھ اور عزیز نہیں، ہم اپنے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جنہوں نے دنیا کے ہر فورم پر یہ علم بلند کیا اور آج مختلف اہم ممالک کہہ رہے ہیں کہ مذہبی مقدسات کی توہین آزادی اظہار قطعاً نہیں بلکہ دل آزاری ہے اور اس سے انتشار بڑھتا ہے۔

 وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ علامہ محمد طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ دنیا کو جائے امن بنانے کے لئے لازم ہے کہ ہم اپنا مسلک چھوڑیں نہ اور دوسرے کے مسلک کو چھیڑیں نہ اسی صائب رویے سے وہ ہم آہنگی پیدا ہوگی کہ جو ہمیں امن و سکون سے رہنے کا سلیقہ سکھائے گا۔انہوں نے کہا کہ  افغانستان سے رسوا ہوا کر امریکہ کے نکل جانے کے بعد بہت سی طاقتیں پاکستان میں انتشار اور مذہبی منافرت پیدا کرنا چاہتی ہیں، وہ ہماری مساجد امام بارگاہوں اور چرچوں کو پھر سے خون میں نہلا دینا چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین امن قائم نہ ہو خطے میں دہشت گردی بڑھانے کے لئے بھارتی اپنی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ڈوبتے دیکھ کر یقیناً چین سے نہیں بیٹھیں گے مگر ہم متحد ہو کر اپنے سپہ سالار کو یقین دلاتے ہیں کہ ہمارے فوجی جوان آج جس وطن کی حرمت پر جانیں نثار کر رہے ہیں ہم بھی اس وطن کی حفاظت کے لئے ان کے ساتھ اور شانہ بشانہ ہیں۔

عمران خان کے سیاسی ناقدین و مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ  جو کام تم پچھتر برسوں میں نہ کر پائے اور محض نعرہ بازی کرتے رہے وہی احسن اور ضروری کام اب عمران خان کر رہے ہیں تو واویلا کیوں کرتے ہو عوام کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ دینا ہی عوامی فلاح و بہبود کی بڑی گواہی ہے۔

 نظام عدل و انصاف پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب ایسے فیصلے ہوں گے کہ کسی قاضی کسی منصف کا احتساب نہیں ہو سکتا تو پھر کہاں کا نظام اور کہاں کا عدل و انصاف عمران خان کی مخالفت کرنے والے حقیقی نظام عدل وانصاف قائم کرنے میں معاون بنیں تو دیکھئے کہ پاکستان کس قدر جلد مدینہ کی ریاست بنتا ہے۔ انہوں نے جذباتی انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک طرف ہماری بیٹیاں جہیز نہ ملنے کی وجہ سے گھروں میں بیٹھی ہیں اور دوسری طرف معاشرے میں طلاق کی شرح بھی بے حد بڑھ چکی ہے، یہ المیہ نہیں تو کیا ہے ان تمام مسائل کا حل مدینہ کی ریاست قائم کئے بغیر ممکن نہیں۔

سورس:وی این ایس، لاہور