کوئٹہ،30جنوری (اے پی پی):بلوچستان کے ضلع جعفرآباد کے صدر مقام ڈیرہ اللہ یار قومی شاہراہ نزد صحبت پور چوک پر دھماکہ، دو ٹریفک اہلکاروں سمیت 16 راہ گیر زخمی ہوگئے ،دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ، زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ اللہ یار ریفر کیاگیاہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جن میں تین زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جنھیں مزید علاج کے لیے جیکب آباد اور لاڑکانہ ہسپتال ریفر کیا گیاہے۔
پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق دستی بم وہاں کھڑے ٹریفک اہلکاروں پر پھینکاگیا، پولیس نے جائے وقوعہ کو سیل کرکے نامعلوم تخریب کاروں کی تلاش شروع کردی ہے ۔ اطلاع ملنے پر شہریوں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی جہاں زخمیوں کی شناخت کی جارہی ہے اور زخمی ہونے والے شہریوں کے لیے مقامی افراد نے خون کے عطیات بھی جمع کرانے شروع کردیے ہیں۔ زخمیوں میں کنڈوگونگا،حیدر ،عبدالرشید، حبیب اللہ، مجن علی ، عبدالرسول ، محمد علی، اللہ ڈنہ، وزیر خان ، محمد سرور ، رحمت اللہ ،منیر علی،انور علی ،فرہاد علی، محمد سلیم، سلیم اورشمن علی شامل ہیں ۔
سورس؛وی این ایس، کوئٹہ











