بلوچستان میں مزدور پیشہ افراد کو تیار کھانے کی مفت فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں؛ قاسم خان سوری

31

کوئٹہ ،29 جنوری (اے پی پی):  ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مزدور پیشہ افراد کو تیار کھانے کی مفت فراہمی کے لئے مخیر حضرات کے تعاون سے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کوئی ”بھوکا نہ سوئے” پروگرام کے تحت تیار شدہ کھانے کی فراہمی کے اس کار خیر میں کوئی حکومتی وسائل استعمال نہیں کئے جاررہے بلکہ خیر خواہ افراد کے تعاون سے یہ پروگرام چلایا جاررہا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں غریب اور مزدور پیشہ افراد میں کھانا فراہمی کے پروگرام کے افتتاح کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان فلاحی کاموں کا بے مثل جذبہ رکھتے ہیں اور انہیں غریبوں اور مزدور پیشہ افراد کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے  جبکہ شوکت خانم میموریل اسپتال سمیت دیگر فلاحی اقدامات کے ساتھ اب غریب افراد کو کھانے کی فراہمی کا ایک غیر حکومتی خالصتاً فلاحی پروگرام شروع کیا گیا ہے اور” کوئی بھوکا نہ سوئے ” سلوگن کے ساتھ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں تیار شدہ معیاری کھانا فراہم کیا جاررہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  کوئٹہ شہر میں پورے بلوچستان سے لوگ محنت مزدوری کرنے آتے ہیں اور یہاں مزدور پیشہ افراد کی ایک بڑی تعداد موجود ہے،جزائے خیر کا اس سے بڑا کام اور کیا ہو سکتا ہے کہ ان غریب افراد کو کھانا کھلایا جائے ۔

قاسم خان سوری نے کہا کہ کوئٹہ کے علاوہ سبی لورالائی اور بلوچستان کے ایسے علاقے جہاں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد ہیں وہاں اس پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا احساس پروگرام کے تحت تخفیف غربت کے مختلف کام جاری ہیں، غریب خاندانوں کو فی کس بارہ ہزار روپے،  بیروزگار افراد کو بلا سود قرضے کی فراہمی اور طالب علموں کو اسکالر شپ کی فراہمی سمیت متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے جس سے غربت کی شرح کم ہوگی۔۔

اس موقع پر حلال احمر بلوچستان کے چئیرمین عبدالباری بڑیچ بھی موجود تھے۔

سورس : وی این ایس ،کوئٹہ