بہاولنگر؛ بلوچستان کیچ میں شہید لانس نائیک یاسر نذیر کی نماز جنازہ ادا ، فوجی اعزاز کیساتھ تدفین کردی گئی

33

بہاولنگر،27 جنوری (اے  پی  پی):   بلوچستان کیچ میں گذشتہ روز   جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے لانس نائیک یاسر نذیر کی نماز جنازہ آبائی علاقہ بہاولنگر چک 107 سکس آر میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران،اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہید کے جسد خاکی کو آبائی قبرستان لیجایا گیا جہاں شہید کی مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی۔

 پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی شہید کی قبر پر سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا، آرمی چیف اور دیگر کی جانب سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ شہید کی نماز جنازہ تدفین کے موقع پر پرجوش جذباتی مناظر نظر آئےفضا نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ شہید لانس نائیک یاسر نذیر کے سوگواران میں اہلیہ اور بیٹی شامل ہیں ۔