تاجر برادری کی ہرصورت مدد کریں گے ، ہم کراچی کے لئے خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں  ؛ گورنرسندھ  عمران اسماعیل  ،وفاقی وزیر اسد عمر

29

کراچی،29جنوری  (اے پی پی):تاجر برادری کی ہرصورت مدد کریں گے ، ہم کراچی کے لئے خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں،کراچی کے لئے وفاق نے گرین لائن منصوبہ دیا، کے فورمنصوبہ بھی وفاقی حکومت مکمل کرے گی ۔

 ان خیالات کا اظہار گورنرسند عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ہفتہ کو صدر کوآپریٹیو مارکیٹ میں آگ سے جل جانے والی دوکانوں کی بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ میں شکر گذار ہوں اپنی ٹیم کا جنہوں نے اس خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں  نے کہا کہ ہم نے کامیاب جوان پروگرام شروع کیا ہے جس سے تاجر بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں ، ہم تاجر برادری کی ہر صورت مدد کریں گے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کراچی سے محبت کا رشتہ ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وفاق نے کراچی کو 52 فائر ٹنڈر دیئے، اسی طرح گرین لائن منصوبہ پر ہم نے کام کیا اور منصوبہ کو مکمل کیا، ہم کراچی کے لئے خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں اگر شہر کی بہتری کے لیئے کوئی مشورہ دینا  چاہے تو ضرور آگے آئے تاکہ بہتر طریقہ سے امور کو انجام دیا جاسکے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے لئے وفاق نے گرین لائن منصوبہ دیا ، کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات دستیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کے فور سندھ حکومت نے شروع کیا مگر وہ نہ بناسکی،ہم اس پر اب سو فیصد رقم خرچ کریں گے، چھبیس سو کروڑ گیلن کا یہ منصوبہ وفاقی حکومت مکمل کرے گی ۔انہوں  کہا کہ ہم پورے ملک کی تعمیر ترقی کے لئے کام کررہے ہیں ۔

 تقریب سے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ ، رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی ، رکن صوبائی اسمبلی بلال غفار ، خرم شیرزمان، تاجر رہنماء شیخ محمد فیروز نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پربزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد ، پی ٹی آئی کے کارکنان نے بھی شرکت کی ۔ تاجربرادری نے مارکیٹ کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا ۔

سورس؛وی این ایس، کراچی