وفاقی وزیر  چوہدری فواد حسین   کی  پاک فوج کے  شہید جوان زین علی کے گھرآمد  گئے، اہل خانہ سے تعزیت کی

43

جہلم ،29جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین جمعرات کو بلوچستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پاک فوج کے جہلم سے تعلق رکھنے والے شیر دل جوان زین علی شہید کے گھر گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ زین علی شہید نے دہشت گردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا، ملک و قوم کے لئے شہید زین علی کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قوم غم کی اس گھڑی میں شہید زین علی کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید زین علی کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ (آمین)

 بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 23 سال کی عمر کالج جانے کی عمر ہوتی ہے، شہید زین علی نے اس عمر میں پاکستان کے لئے اپنے لہو کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ شہیدوں کے خاندانوں کے حوصلے ہیں کہ وہ شہادتوں پر فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کے لہو کے مقروض ہیں، پورا پاکستان ان خاندانوں کا احسان مند ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پاکستان کی ریاست اور حکومت ان کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لے گی۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد