حکومت آٹو انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے؛ ساجد حسین طوری

16

لاہور،27جنوری(اے پی پی): قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے چیئرمین ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ حکومت آٹو انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے تاکہ صنعتی پیداوار میں اضافہ ہو۔

وہ جمعرات کو قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کے اراکین کے ساتھ  لاہورشیخوپورہ روڈ پر واقع ہنڈا اٹلس کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں  نے کہا کہ ملک میں موٹر سائیکلوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ صنعتی انقلاب کا پیش خیمہ ہے۔

اس موقع پر ہونڈا اٹلس انتظامیہ کی طرف سے کمیٹی کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہنڈا کمپنی سالانہ ساڑھے تیرہ لاکھ موٹر سائیکلیں  اور 94 فیصد پرزہ جات مقامی طور پر تیار کررہی ہے، یہاں تیار ہونیوالی موٹرسائیکلیں افغانستان کو بھی برآمد کی جارہی ہیں جبکہ بنگلہ دیش اور افریقی ممالک کو موٹر سائیکلو ں کے پرزہ جات بھیجے جارہے ہیں۔

آخر میں قائمہ کمیٹی کے ارکان نے ہونڈا اٹلس کے پیداواری یونٹس کا دورہ کیا اور وہا ں پر ہونیوالے کا م کے معیار اور معیار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔   کمیٹی کے ارکان  میں  صاحبزادہ صبغت اللہ،ریاض الحق اور سید مصطفے محمود بھی موجود تھے۔