وزیر کوآپریٹو محمد بشارت راجہ کی زیرصدارت اجلاس ، محکمے کی تنظیم نو کا جائزہ لیا گیا

12

لاہور، 27 جنوری ( اے پی پی ): وزیر کوآپریٹو محمد بشارت راجہ کی زیرصدارت اجلاس میں  محکمے کی تنظیم نو کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری کوآپریٹو پنجاب نے ری سٹرکچرنگ کے جاری پروگراموں پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئےصوبائی وزیر بشارت راجہ نے کہا کہ دنیا بھر میں کوآپریٹوز کا فوکس زراعت اور لائیوسٹاک ہے، پاکستان میں امداد باہمی کو صرف ہاؤسنگ تک محدود سمجھا جاتا ہے، پنجاب میں کوآپریٹو کو زراعت اور لائیوسٹاک کی طرف منتقل کریں گے، کاشتکاروں کو مشینری کی فراہمی کیلئے 21 فارم سروس سنٹر قائم کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 26 ہزار 897 کسانوں کو 1536 ملین کے قرضے جاری کئے،زرعی قرضوں میں سے 1517 ملین روپے کی کامیاب وصولی بھی کی گئی،موجودہ پنجاب حکومت نے کوآپریٹو ایکٹ میں بہتری کیلئے 24 ترامیم کیں،مختصر عرصے میں 57 ارب مالیت کی 36 جائیدادیں واگزار کرائی گئیں،ایک سال کے دوران 14.37 ارب کے کلیمز ادا کرنا اہم کامیابی ہے۔

وزیر کوآپریٹو پنجاب نے کہا کہ محکمہ کوآپریٹو تمام 232 ہاؤسنگ سوسائٹیز کی جیو ٹیگنگ کر چکا ہے،محکمہ امداد باہمی کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا عمل جاری ہے۔