دنیا بھر میں پی ٹی آئی کے کارکن عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں اور پارٹی کےلئے فنڈز دیتے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی میڈیا کو بریفنگ

89

اسلام آباد۔4جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے   منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے  کہا کہ دنیا بھر میں پی ٹی آئی کے کارکن عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں اور پارٹی کےلئے فنڈز دیتے ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فارن فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف سرخرو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ کا موازنہ بھی لوگوں کے سامنے آنا چاہئے، پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس کا اکائونٹنگ اور فنڈنگ کا تفصیلی نظام موجود ہے، بہت سی دوسری جماعتوں میں تو فنڈنگ کے معاملات وڈیروں اور کاروباری لوگوں سے چلتے ہیں، نواز شریف نے ن لیگ کا اکائونٹ بھی منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس کا قانونی اور تفصیلی فنڈنگ کا نظام موجود ہے، دنیا بھر سے تحریک انصاف کے کارکنان پارٹی کو فنڈنگ کرتے ہیں۔