مری، 05 جنوری(اے پی پی):ملکہ کوہسار مری میں چھ انچ سے زیادہ برفباری جبکہ گلیات ایک فٹ اور مکشپوری، میری جانی کے پہاڑوں پر زیادہ برف پڑ چکی ہے اور مسلسل جاری ہے جس کے باعث مری اور گلیات کے متعلقہ محکمے ہائی الرٹ ہیں۔جی ڈی اے نے گلیات روڈ سے برف باری ساتھ ساتھ ہٹانے صاف کرنے اور سڑک پر نمک کا چھڑکاؤ شروع کر رکھا ہے لیکن سڑکیں بحال ہونے میں وقت لگے گا ۔
سیاحوں،عوام الناس کو سفری سہولیات کے لئے صوبائی حکومت نے ہدایات جاری کی ہوئی ہیں اور متعلقہ محکموں نے بھی سیاحوں کے لئے ایڈوائزر ی جاری کی ہوئی ہے اور مری اسسٹنٹ کمشنر،وارڈن،پولیس افسران سیاحوں کو برفباری کے دوران ہر ممکن سہولیات کے لئے کوشاں ہیں ۔ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد مری گلیات کے برفانی قدرتی حسین نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ مری، گلیات،نتھیاگلی میں برف کے ڈھیر لگائے برفباری کے ٹھنڈے موسم کےمزے لے رہے ہیں ۔











