ریسرچ کمپنی کی سروے رپورٹ کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کارکردگی میں سب سے آگے ہیں :ترجمان حکومت پنجاب

38

لاہور 18 جنوری ( اے پی پی ) معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے مریم نواز کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اگر ملک چھوڑ کر لندن فرار ہونے، سارے صوبے کے ترقیاتی فنڈز اپنے پسندیدہ شہروں پر لگانے، حکومت میں رہتے ہونے اپنے ذاتی ملازمین کے اکاؤنٹس کے ذریعے سولہ ارب کی منی لانڈرنگ کرنے اور ڈیمز بنانے کی بجائے ہر سال بارشی پانی میں کھڑے ہو کر تصویریں کھنچوانے کا نام حکومت ہے تو آج واقعی اس طرز کی حکومت پاکستان میں نہیں ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں جمہوری حکومت کا نقشہ تبدیلی کی جانب گامزن ہے جسے دیکھنے کے لیے ن لیگ کو شاہی عینک اتارنا پڑے گی۔ آج پاکستان تحریکِ انصاف قومی سطح پر تین ڈیمز بنا رہی ہے؛ پنجاب میں چار ڈیمز پر کام ہو رہا ہے؛ 360 ارب کے ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پیکج سے ہر ضلع ترقی کی جانب گامزن ہے، اور چار سو ارب کی لاگت سے ہیلتھ کارڈز کے ذریعے تمام خاندانوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔