مری ، 03 جنوری (اے پی پی ): ریسکیو 1122 مری کی طرف سے گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی،سال بھر پورے پنجاب سے آئے ریسکیو اہلکاروں کو کسی بھی سانحے ،آفت سے نمٹنے کے لئےایڈوانس ٹریننگ کورسز بھی جاری رہے۔انجینئر ذیشان حفیظ کنٹرول روم انچارچ نے انچارج ایمرجنسی آفیسر حمزہ علی خان کو گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 مری کنٹرول روم کو گزشتہ سال (100711) کالز موصول ہوئیں جن میں سے(8823) ایمرجنسی کالز تھیں جس کے نتیجے میں(9655) افراد کو ریسکیو کیا گیا۔متاثرین میں سے (1609) افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی، (7904) افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکے (142) افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ 11)004) ٹریفک حادثات،(6066) میڈیکل ایمرجنسیز، آگ لگنے کے (98) واقعات، (101) لڑائی جھگڑے کے، (2) ڈوبنے کے،(1) بلڈنگ گرنے کا،(2) سلنڈر پھٹنے کے،جبکہ (1549) دیگر ایمرجنسیز تھیں۔ (1372) مریضوں کو بہتر طبی سہولتوں کے حصول کے لیے پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت مری کے محتلف ہسپتالوں سے راولپنڈی اور اسلام آباد منتقل کیا گیا-
حمزہ علی خان ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی میں بروقت ریسکیو سروس کی فراہمی اولین ترجیح رہی۔
ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن نے ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کو خوب سراہا اور احکامات جاری کیے کہ موسم سرما میں پیش آنے والی کسی بھی ایمرجنسی میں بروقت شہریوں کو بہترین ریسکیو سروس فراہم کریں۔
عوام الناس کی جانب سے مختلف حادثات پر بروقت ریسکیو سروس کی فراہمی پر ریسکیو اہلکاروں کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہا گیا اور ریسکیو 1122 مری کی کارکردگی کو مثالی قرار دیا،تحصیل مری میں بروقت ایمرجنسی رسپانس پر ریسکیو اہلکاروں کو شاباش دی جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے اس بات کاعزم کیا کہ اسی محنت اور جوش و جزبہ کے ساتھ عوام الناس کی خدمت کو جاری رکھا جائے گا۔