سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی کا  ٹریفک صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مری کا دورہ

38

مری،03 جنوری(اے پی پی): سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی نے ٹریفک صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مری کا دورہ کیا،سی ٹی او راولپنڈی تیمور خان بھی سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی کے ہمراہ  تھے۔

ترجمان ٹریفک پولیس کےمطابق سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی نے لوئر ٹوپہ ،جھیکا گلی اور جی پی او چوک پر ٹریفک کی روانی کا جائزہ لیا، انہوں نےتمام ٹریفک سٹاف کو شدید سردی اور مشکل حالات میں مستعدی سے ڈیوٹی دینے پر شاباش دی اورکہا کہ ٹریفک وارڈن محنت اور ایمانداری سے ڈیوٹی سر انجام دیں اورٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے ضروری احکامات بھی  جاری کیے۔

سی پی او راولپنڈی ساجد کیانی نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی مکمل پاسداری کروائی جائے ،لائن کی پابندی اور نو پارکنگ کے خاتمہ کے لیے پیٹرولنگ کو مزید بڑھایا جائے تاکہ  سیاحوں کو دوران ڈرائیونگ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ٹول پلازہ اور تمام داخلی راستوں پرسیاحوں کو آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے جائیں۔انہوں نے  کہا کہ ناکافی پارکنگ ہونے کے باوجود ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی قابل ستائش ہےاورکہاکہ  مری آنے والے سیاحوں کو ہر ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔