ملتان، یکم جنوری (اے پی پی ):چیئرمین دارالامان و سماجی رہنما شاہد محمود انصاری اور فوکل پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو آصفہ سلیم ملک نے مشترکہ طور پر کہا ہے کہ 2022ء امیدوں اور انسانی ہمدردیوں کو فروغ دینے کے سال کے طور پر سماجی سطح پر منایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعور ترقیاتی تنظیم، سول سوسائٹی فورم ملتان کی جانب سے سال 2022ء کی آمد کے موقع پر امید کی شمعیں روشن کرنے کے موقع پر دعا ئیہ تقریب میں کیا۔
اس موقع پر شاہد محمود انصاری سمیت دیگر شرکاء نے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہم سال 2022ء سے پرامید ہیں کہ یہ سال ہمارے لئے خوشیوں اور ملکی ترقی و استحکام، مصائب و آلام سے نجات کا سال ثابت ہوگا۔
اس موقع پر مقررین نے مزید کہا کہ سال بھر میں ہم سماجی سطح پر سال 2022ء کو انسانی ہمدردی کے رویوں کو فروغ دینے کیلئے نہ صرف خدمت انسانیت کو فروغ دینے کے ساتھ نہ صرف ہم اپنے کاموں کو آگے بڑھائیں گے بلکہ ہم پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی انسانی ہمدردی کے رویوں کے فروغ کی اس مہم میں ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں کورونا جیسی وباء سے بھی نجات دلائے اور ہم سب کو محفوظ رکھے۔
اس موقع پر گلناز کاشف، شازیہ وحید ارائیں، ملک امیر نواز، چودھری منصور احمد، وقاص فرید قریشی، اقبال خان بلوچ، ملک تصور حیات شریک تھے۔
سورس:وی این ایس، ملتان











