نوشہروفیروز،15 جنوری (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد تاشفین عالم نے کہاکہ 17 جنوری سے 12 سال سے زائد عمر کے تمام بچوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے، اگر کسی کی جان ویکسین لگنے سے بچ جائے تو اس سے زیادہ بہتر کام اور کونسا ہوسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین تعلیمی اداروں کے تمام طلبہ کو لگانے سے مطلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران اگر کسی تعلیمی ادارے سے عدم تعاون کی شکایت ہوئی تو اس تعلیمی ادارے کو سیل کردیا جائے گا، محکمہ صحت کی ٹیموں کے خلاف ڈی ایچ او یا ڈی سی آفیس میں بھی شکایت کی جاسکتے ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا کام تمام محکموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل کام محکمہ صحت کا ہے لیکن محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ محکمہ صحت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔انہوں نے تعلیمی اداروں کے افسران اور نجی تعلیمی اداروں کے سربراہاں کو ہدایت کی کہ وہ کورونا سے بچاؤکی ویکسین لگانے والی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے اداروں میں زیر تعلیم بچوں سو فیصد ویکیسن لگوائیں۔اس موقع پر محکمہ تعلیم کے افسران نے اب تک تعلیمی اداروں میں لگائی گئی کورونا ویکسین کے اعداد و شمار بھی پیش کئے اور آئندہ بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسداللہ عباسی، کورونا مہم کے تمام تحصیلوں کے فوکل پرسن ،تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ تعلیم کے افسران موجود تھے۔
سورس:وی این ایس، نوشہروفیروز











