سکھر،13جنوری ( اے پی پی ): خیرپور کے مقام آرائیں ہاؤس لقمان میں سالانہ 15 ویں 3 روزہ مفت آئی کیمپ اختتام پذیر ہوگیا،کیمپ میں مفت ڈیجیٹل آنکھوں کا آپریشن کرنے کے ساتھ ساتھ مفت لینس اور چشمے لگائے گئے۔
سماجی راہنما عبد لمجید آرائیں اور ان کی ٹیم نے خیر پور کے علاقے آرائیں ہاوس لقمان میں تین روزہ مفت آئی کیمپ کا انعقاد کیا تھا۔کیمپ میں سکھر، گھوٹکی، شکارپور خیرپور اور نواب شاہ سمیت دیگر اضلاع سے آئے ہوئے ایک ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ کرکے انہیں آنکھوں کے آپریشن کے ساتھ ساتھ لینس اور چشمے مفت فراہم کیئے گئے جبکہ دو ہزار سے زائد مریضوں کا اوپی ڈی چیک اپ کیا گیا ۔
کیمپ کے دورے کے دوران ڈی آئی جی سکھر نے عبدالمجید آرائیں اور انکی ٹیم کو عوامی خدمات پر سراہا اور کہا کہ ہم سب کو خیر کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ مظلوم عوام کی خدمت اور اپنے حقیقی مالک کی خوشنودی حاصل ہوسکے۔
اس مو قع پر سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے تھے، پولیس کے ساتھ ساتھ اسکاؤٹس کے نوجوانوں نے بھی اس آئی کیمپ میں مشترکہ طور پر فرائض سرانجام دیئے۔کیمپ میں ڈی آئی جی سکھر طارق عباس قریشی ایس ایس پی خیرپور ظفراقبال ملک سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔











